رزق کے فیصلے کہیں اور ہوتے ہیں ہم تو بس مہریں ہیں جنہیں آگے پیچھے کر کے اسباب پیدا کئے جاتے ہیں

دینِ اسلام مکمل ترین ضابطہ حیات رکھتا ہے جو رہبانیت یا بےمہار آزادی کے درمیان اعتدال پسندی اور میانہ روی کے ساتھ زندگی کے ہر پہلو کی انجام دہی کا تقاضا کرتا ہے۔ اللہ تعالیٰ نے ہمیں عبادات کا حکم دیا ہے اور ساتھ ہی رزقِ حلال کے حصول کا بھی حکم ہے۔ چنانچہ ارشادِ باری تعالیٰ ہے:اور وہی ہے جس نے فضا و بر کے علاوہ بحر یعنی دریاؤں اور سمندروں کو بھی مسخر فرما دیا تاکہ تم اس میں سے تازہ و پسندیدہ گوشت کھاؤ اور تم اس میں سے موتی وغیرہ نکالو جنہیں تم زیبائش کے لیے پہنتے ہو،

اور اے انسان! تُو کشتیوں اور جہازوں کو دیکھتا ہے جو دریاؤں اور سمندروں کا پانی چیرتے ہوئے اس میں چلے جاتے ہیں، اور یہ سب کچھ اس لیے کیا تاکہ تم دور دور تک اس کا فضل یعنی رزق تلاش کرو اور یہ کہ تم شکر گزار بن جاؤ۔اور سورۃ الجمعہ میں نماز کی طرح رزق تلاش کرنے کا حکم فرما کر حلال روزی کی اہمیت واضح کر دی۔

فرمانِ باری تعالیٰ ہے:اے ایمان والو! جب جمعہ کے دن جمعہ کی نماز کے لیے اذان دی جائے تو فوراً اللہ کے ذکر یعنی خطبہ و نماز کی طرف تیزی سے چل پڑو اور خرید و فروخت یعنی کاروبار چھوڑ دو۔ یہ تمہارے حق میں بہتر ہے اگر تم علم رکھتے ہو۔ پھر جب نماز ادا ہوچکے تو زمین میں منتشر ہو جاؤ اور پھر اللہ کا فضل یعنی رزق تلاش کرنے لگو اور اللہ کو کثرت سے یاد کیا کرو تاکہ تم فلاح پاؤ۔اور حدیث مبارکہ میں بھی حلال روزی کمانے کا صریح حکم پایا گیا ہے

جیسا کہ حضرت عبد اللہ ابن مسعود رضی اللہ عنہ نے بیان کیا کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا:فرائض کے بعد، حلال روزی کمانا فرض ہے۔ہر انسان کے لیے ہمہ وقت عبادت گاہ میں مشغول رہنا ممکن نہیں ہے کیونکہ حلال روزی کمانا اور دیگر امور سرانجام دینا انسانی ضروریات میں شامل ہے جبکہ یہ سب امور جائز طریقے سے بروئے کار لانا بھی عبادت ہی میں شمار ہوتا ہے۔

نبی کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے خود تجارت کے لیے سفر کیے جیسا کہ حضرت جابر رضی اللہ عنہ بیان کرتے ہیں:حضرت خدیجہ رضی اللہ عنہا نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کو جرش یمن کے ایک مقام کی طرف دوبار تجارت کے لیے اونٹنیوں کے عوض بھیجا۔ اس حدیث کی اسناد صحیح ہیں، اور اسے امام بخاری ومسلم نے تخریج نہیں کیا۔

خواہ ہم زندگی کے کسی بھی موڑ پر ہوں ہمارے لیے نبی کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی ذات مقدسہ راہ ہدایت ہے، اس لیے ہمیں ہر عمل میں سنت رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کو اپنانا چاہیے۔ ارشادِ باری تعالیٰ ہے:فی الحقیقت تمہارے لیے رسول اﷲ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی ذات میں نہایت ہی حسین نمونۂ حیات ہے۔رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے نفلی عبادات میں اس قدر زیادتی کرنے سے منع فرما دیا . کہ جس سے مالی، جانی اور ازدواجی حقوق وغیرہ کی ادائیگی میں رکاوٹ آئے

جیسے حضرت عبداﷲ بن عمرو بن العاص رضی اللہ عنہما سے روایت ہے کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے مجھ سے فرمایا:مجھے یہ بتایا گیا ہے کہ تم رات کو قیام کرتے اور دن کو روزہ رکھتے ہو؟ عرض گزار ہوا کہ واقعی میں ایسا کرتا ہوں۔ آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا: جب تم یہ کرتے ہو تو تمہاری آنکھیں بھی کمزور ہوں گی اور تمہاری طبیعت بھی سست پڑے گی، جب کہ تم پر اپنی جان اور اپنے گھر والوں کا بھی حق ہے، لہٰذا روزے رکھو اور چھوڑ بھی دیا کرو۔

قیام کرو اور سویا بھی کرواور حضرت عائشہ صدیقہ رضی اللہ عنہا سے روایت ہے کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے حضرت عثمان بن مظعون رضی اللہ عنہ کو بلایا تو وہ حاضر خدمت ہو گئے۔ آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا: اے عثمان کیا تم میری سنت کو ناپسند کرتے ہو؟ عرض گزار ہوئے کہ خدا کی قسم یارسول اﷲ ایسا نہیں ہے

بلکہ میں تو آپ کی سنت کا طالب ہوں۔آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا میں تو سوتا ہوں اور نماز پڑھتا ہوں۔ روزے رکھتا ہوں اور چھوڑتا ہوں نیز عورتوں سے نکاح کرتا ہوں۔ اے عثمان! اﷲ سے ڈرو کیونکہ تمہاری بیوی کا تم پر حق ہے تمہارے مہمان کا تم پر حق ہے اور تمہاری جان کا تم پر حق ہے، لہٰذا روزےرکھو اور چھوڑا بھی کرو۔ نماز پڑھو اور سویا بھی کرو۔

معلوم ہوا کہ انسانی ضروریات پوری کرنے کے لیے حلال روزی کمانے کا حکم شرعی ہے۔ جو ہمارے مقدر میں لکھا ہے، وہ تقدیر الہٰی ہے اور تقدیر، علم الٰہی کا نام ہے۔ اللہ تعالیٰ کے علم میں کیا ہے؟ اسے وہی بہتر جانتا ہے ہمیں اس پر اتنا ایمان رکھنا چاہیے کہ جو کچھ ہوتا ہے، اللہ کے علم کے مطابق ہوتا ہے۔ لیکن ہم تقدیر کے مکلف نہیں بلکہ احکام شرع کے پابند ہیں۔

لہٰذا ہمیں تمام امور اپنے اپنے وقت پر محنت وخلوص اور منصوبہ بندی کے ساتھ سر انجام دینے کا حکم ہے، پھر جو بھی مل جائے، اس اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کرنا چاہیے۔

Leave a Comment